رائے پور، 20؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے رائے پور ضلع میں مال گاڑی کے 14ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔واقعہ کی وجہ سے ہاوڑہ -ممبئی ریل روٹ پر ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ریلوے محکمہ کے حکام نے آج یہاں بتایا کہ رائے پور ریلوے اسٹیشن سے تقریباََ22کلومیٹر دور سلیاری مانڈھر کے بیچ مال گاڑی کے 14ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔حکام نے بتایا کہ مال گاڑی بلاسپور سے رائے پور کی طرف روانہ ہوئی تھی۔جب وہ سلیاری مانڈھرریلوے اسٹیشن کے درمیان میں پہنچی تو اس کے 14ڈبے پٹری سے اتر گئے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ کے لیے حکام اور ملازمین کی ٹیم روانہ کی گئی اور راحتی کام شروع کیا گیا۔حادثہ کی وجہ سے تقریبا نصف درجن ریل گاڑیوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ اصلاحی کام جاری ہے اور جلد ہی اس راستہ میں ٹریفک شروع ہو جائے گی ۔واقعہ کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔